بچوں کو موبائل فون کی عادت سے کیسے بچائیں

بچوں کو موبائل فون کی لت سے کیسے بچایا جائے ؟ والدین کیلئے چند اہم ہدایات

اسلام آباد:  موجودہ دور میں والدین بچوں میں موبائل فون کے بے دریغ استعمال کی وجہ سے پریشان دکھائی دیتے ہیں ۔ آپ جس گھر میں بھی چلے جائیں بچوں کے ہاتھ میں موبائل فون دیکھنے کو ضرور ملتا ہے ۔ سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں میں بچوں میں موبائل فون کا استعمال اسکول کے دنوں سے کئی زیادہ بڑھ جاتا ہے اور بچے آٹھ آٹھ گھنٹے موبائل فون پر کارٹونز اور فلمیں دیکھنے میں محو نظر آتے ہیں ۔

والدین اس حقیقت سے آشنا ہونے کے باوجود بچوں کی ضد کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہوجاتے ہیں اور موبائل فون کے مضر اثرات اور نقصانات کا علم ہونے کے باوجود بھی بچوں کو موبائل فون کی لت سے چھٹکارا دلانے میں ناکام نظر آتے ہیں ۔ایک امریکی غیرسرکاری تنظیم ’سیپین لیب‘ نے اپنی ایک تحقیق میں کہا کہ بچوں کا کم عمری میں سمارٹ فونز استعمال کرنا مستقبل میں ان کے لیے نفسیاتی مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔راوں سال مئی میں اس تحقیق کے آنے کے بعد شاؤمی انڈیا کے سابق سی ای او منو کمار جین نے اس تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ سمارٹ فون کو بچوں کی پہنچ سے دُور رکھیں۔کئی تحقیقات میں بچوں کی نظر میں مسائل کی بڑی وجہ بھی فون کے زیادہ استمعال کو قرار دیا گیا ہے۔سیول میں واقع چونم نیشنل یونیورسٹی ہسپتال کے ڈاکڑز نے 7 سے 16 سال کے 12 لڑکوں پر اپنی تحقیق کی۔ماہرین نے ان لڑکوں کو روزانہ چار سے آٹھ گھنٹے تک فون استعمال کرنے اور فون کو اپنی آنکھوں سے آٹھ سے 12 انچ کے فاصلے تک رکھنے کو کہا۔ دو ماہ بعد ان میں سے نو لڑکوں میں بھینگے پن کی ابتدائی علامات ظاہر ہونا شروع ہو گئی تھیں۔ماہرین نے اپنی تحقیق سے نتیجہ اخذ کیا کہ مسلسل فون پر نظر رکھنے سے بچوں کی آنکھیں اندر کی طرف مڑنے لگتی ہیں اور بالآخر وہ بھینگے پن کا شکار ہو جاتے ہیں۔

بچوں میں موبائل فون کے بے دریغ استعمال کو کم کرنے کے لئے مندرجہ ذیل ہدایات کارآمد ثابت ہوسکتی ہیں ۔

  • ھر میں ایسا ماحول بنائیں، جس میں والدین بچوں کے سامنے کم سے کم موبائل فون استعمال کریں، کیونکہ بچے بڑوں کو دیکھ کر ہی چیزیں سیکھتے ہیں۔ بچوں کو کم فون استعمال کرنے کا تب ہی بولیں جب آپ خود ایسا کرتے ہوں۔
  • بچوں کو پڑھاتے وقت والدین فون کی بجائے بچوں پر دھیان رکھیں۔
  • بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ باتیں کریں۔ اُن کے ہاتھ سے فون کھینچنے کی بجائے پیار سے بات کر کے فون لیں۔
  • بچے کو باہر گھومنے کے لیے لے کر جائیں، اُسے پارک میں دوسرے بچوں سے ملوائیں۔
  • بچوں کو گھر میں ایسی سرگرمیوں میں مصروف رکھیں، جس سے اُن کا فون استعمال کرنے کی طرف خیال نہ جائے۔
اپنا تبصرہ لکھیں