باتوں سے خوشبو آئے

باتوں سے خوشبو آئے #1

خوبی اور خامی
ایک طالب علم نے دیوار پر ایک بڑا سا سفید کاغذ چسپاں کیا اور کارڈ کے درمیان میں مارکر کے ساتھ ایک نقطہ ڈالا، پھر اپنا منہ ساتھیوں کی طرف کرتے ہوئے پوچھا:- ”آپ کو کیا نظر آ رہا ہے؟”
سب نے ہی یک زبان ہو کر کہا:- ”ایک سیاہ نقطہ۔“
اس طالب علم نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے سب سے پوچھا:-”کمال کرتے ہو تم سب! اتنا بڑا سفید کاغذ اپنی چمک اور پوری آب و تاب کے ساتھ تو تمہاری نظروں سے اوجھل ہے، مگر ایک مہین سا سیاہ نقطہ تمہیں صاف دکھائی دے رہا ہے؟“
جی، لوگ تو بس ایسا ہی کمال کرتے ہیں: آپ کی ساری زندگی کی اچھائیوں پر آپ کی کوتاہی یا کمی کا ایک سیاہ نقطہ ان کو زیادہ صاف دکھائی دیتا ہے۔

#####

پچاس روپے کا نوٹ
سڑک کے کنارے کھمبے پر چپکے کاغذ پر لکھا ہوا تھا۔
میرے پچاس روپے گم ہو گئے ہیں، جس کو ملیں وہ میرے گھر واقع فلاں گلی پہنچا دے، میں ایک بہت ہی غریب اور بوڑھی عورت ہوں، میرا کوئی کمانے والا نہیں، روٹی خریدنے کیلئے بھی محتاج رہتی ہوں۔
ایک آدمی نے یہ تحریر پڑھی تو وہ کاغذ پر لکھے ہوئے پتے پر پہنچانے چلا گیا۔
جیب سے پچاس روپے نکال کر بْڑھیا کو دیئے تو وہ پیسے لیتے ہوئے رو پڑی۔
کہنے لگی: بیٹے آج تم بارہویں آدمی ہو جسے میرے پچاس روپے ملے ہیں اور وہ مجھے پہنچانے چلا آیا ہے۔
آدمی پیسے دیکر مسکراتے ہوئے جانے لگا تو بْڑھیا نے اْسے پیچھے سے آواز دیتے ہوئے کہا:
بیٹے، جاتے ہوئے وہ کاغذ جہاں لگا ہوا ہے اْسے پھاڑتے جانا۔
کیونکہ ناں تو میں پڑھی لکھی ہوں اور ناں ہی میں نے وہ کاغذ اْدھر چپکایا ہے۔

#####

سنہری باتیں
٭ استاد وہ بہترین سیڑھی ہے جو شاگرد کو کامیابی کی منزل پر چڑھنے میں مدد دیتی ہے۔
٭ تم راستے میں اتنے پھول بکھیر دو کہ کانٹے خود دب جائیں۔
٭ وہ شخص دنیا میں ہمیشہ کامیاب رہے گا جس کا حوصلہ پہاڑ کی طرح بلند ہوگا۔
٭ کسی کا سہارا لے کر آگے نہ بڑھو، کیوں کہ کل تمھیں سہارا دینے والا کوئی نہیں ہوگا۔
٭ اگر تمھیں وقت کے گزرجانے کا احساس ہوگیا ہے تو آنے والے وقت پر غالب آجاؤ۔

#####

تعجب کی کیا بات؟
ٹرین چھک چھک کرتی اپنی منزل کی طرف جارہی تھی۔ دو آدمی قریب بیٹھے ہوئے تھے۔ ایک نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا:”آپ کا اسم شریف؟“
جواب ملا:”حاجی شفیق، اور آپ کا نام مبارک؟“
”نمازی رفیق۔“ جواب ملا۔
حاجی صاحب کو بڑی حیرت ہوئی:”جی نمازی رفیق تو بڑا عجیب نام لگتا ہے۔“
نمازی صاحب نے پوچھا:”آپ نے حج کتنی مرتبہ کیا ہے؟“
حاجی صاحب نے کہا: ”الحمدللہ! ابھی پچھلے سال پہلی بار حج کرنے گیا تھا۔“
نماز صاحب کہنے لگے:”آپ نے زندگی میں صرف ایک حج کیا ہے تو لوگ آپ کو حاجی کہنے لگے۔ میں دن میں پانچ مرتبہ نماز پڑھتا ہوں تو اگر میں اپنے آپ کو نمازی کہلواؤں تو اس میں تعجب کی کیا بات ہے؟“

#####

اتنی سی بات
سیٹھ صاحب کی بیمگ ایک تقریب میں دوسری بیگمات کو بتارہی تھیں:”بھئی میں اپنے بیٹے کی عادتوں سے بڑی پریشان تھی۔ وہ گھر کی قیمتی چیزیں اٹھاکر اپنی پینٹ کی جیبوں میں ٹھونس لیتا تھا۔ کہیں سے ہزار ہزار کے نوٹ اٹھا کر ڈال لئے، کہیں سے سونے اور ہیرے کی انگوٹھیاں اور کہیں سے قیمتی گھڑی اٹھا کر رکھ لی۔ میں تو نفسیات کے ماہرین سے علاج کراکرا کر تھک گئی تھی۔ مسز ندیم نے مشورہ دیا تھا کہ اسے نیویارک لے جاؤ وہاں ایک بہت مشہور ماہر نفسیات ہے جو بڑے پیچیدہ کیس حل کردیتا ہے۔ میں اپنے بیٹے کو وہاں لے گئی تھی۔“
”تو پھر کچھ فائدہ ہوا؟“ مسز بیگ نے پوچھا۔
”غضب کا ماہر نفسیات تھا وہ۔ یہ امریکی لوگ واقعی زبردست ہیں۔ اس نے پہلی ہی ملاقات میں بتادیا کہ آپ کا بیٹا چور ہے۔ بس اتنی سی بات تھی۔“

#####

ہتھوڑیاں
ایک لوہار نے ایک شاگرد کو ہتھوڑیاں بنانے کا حکم دیا۔ شاگرد کو کوئی اندازہ نہیں تھا کہ ہتھوڑی کس طرح بنائی جاتی ہے۔ اس نے استاد کی نظروں میں سرخرو ہونے کے لئے بازار سے ایک ہتھوڑی خرید کر استاد کی خدمت میں پیش کردی۔
”بہت خوب!“ استاد ہتھوڑی دیکھتے ہی سب کچھ سمجھ گیا۔
اس نے مسکرا کر کہا: ”ایسی ہی پچاس ہتھوڑیاں اور تیار کرو۔“

#####

زندگی
٭ زندگی کہیں خوشیوں کے انبار لئے ہوئے تو کہیں غموں کے اونچے اونچے پہاڑ جن کی چوٹیاں سر کرتے ہوئے انسان موت کی گہرائی میں جاگرتا ہے۔
٭ زندگی پھولوں کی طرح ہے جس میں کانٹے بھی ہوتے ہیں۔
٭ زندگی بغیر محنت کے مصیبت اور بغیر عقل کے حیوانیت ہے۔
٭ زندگی وہ منتظر آنکھ ہے جو موت کا انتظار کرتی ہے۔
٭ جو لوگ زندگی کو ایک مقدس فریضہ سمجھ کر بسر کرتے ہیں، کبھی ناکام نہیں ہوتے۔

#####

حیرت انگیز
٭ ملک ناروے میں آدھی رات کو بھی سورج چمکتا ہے۔
٭مگرمچھ کی مادہ ایک وقت میں سو سے زیادہ انڈے دیتی ہے۔
٭دنیا میں سپین ایک ایسا ملک ہے جو کپڑے پر بھی اخبار نکالتا ہے وہاں کے لوگ اخبار پڑھنے کے بعد کو اپنے استعمال میں لے آتے ہیں۔
٭آسٹریلیا میں ایک ایسا درخت ہے جس کی بلندی 480 فٹ ہے۔

#####

اپنا تبصرہ لکھیں